نیویارک( نیوز ڈیسک)امریکی شہر نیویارک میں دنیا کی سب سے بڑی اور چیلنجنگ میراتھن منعقد ہوئی جس میں 36پاکستانی رنرز نے شرکت کی اور نمایاں کارکردگی دکھائی۔ نیویارک میراتھن میں 12پاکستانی رنرز اپنی دوڑ 4گھنٹے سے کم وقت میں مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔پاکستان کے دانش الٰہی 3گھنٹے 26 منٹ اور 50سیکنڈز کے ساتھ نیو یارک میں تیز ترین پاکستانی رہے، روفی شہزادہ پاکستانی رنرز کی فہرست میں دوسرے نمبر پر رہے جب کہ پاکستانی امریکن بابر غیاث 3گھنٹے 38منٹ اور 52سیکنڈز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔ اس کے علاوہ عمار ممتاز، پریم کمار، رحمان اظہر، یاور صدیق، شارق صمد، فصیح الصالح، سلمان خان اور سلمان چوہدری نے فاصلہ 4گھنٹے سے کم وقت میں طے کیا۔ میراتھون میں شریک نارویجین پاکستانی خولہ احمد 3گھنٹے 43منٹ اور 2سیکنڈز کے ساتھ تیز ترین پاکستانی خاتون رہیں جب کہ ماہین شیخ پاکستانی خواتین کی فہرست میں دوسرے اور کوکب سرور تیسرے نمبر پر رہیں۔ ہالینڈ کے ابدی نگئی نیویارک میراتھون کے فاتح رہے اور ڈچ رنر نے فاصلہ 2گھنٹے 7منٹ اور 39سیکنڈز میں پورا کیا۔نیو یارک میراتھون کی خواتین کیٹیگری میں کینیا کی شیلا چیپکوری نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔