اقوام متحدہ (اے پی پی) پاکستان نےاس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے کہ حق خودارادیت کے اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصول ہونے کے باوجود دنیا بھر کے لاکھوں افراد خاص طور پر کشمیر اور فلسطین کے لوگ اب بھی حق خودارادیت کے حصول کے منتظر ہیں ۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے قائم مقام مستقل نمائندہ عثمان جدون نے گزشتہ روز سماجی، انسانی اور ثقافتی مسائل سے متعلق جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی میں ’’لوگوں کے حق خود ارادیت ‘‘ پر بحث کے دوران کہا کہ حق خود ارادیت سے محروم لوگوں کی مسلسل تکالیف ہماری ادھوری ذمہ داریوں کی واضح یاد دہانی ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج کشمیریوں سمیت لاکھوں افراد منظم طریقے سے اپنی تقدیر کا تعین کرنے کے حق سے محروم ہیں۔ جب ہم اس بحث میں خود ارادیت پر بات کرتے ہیں، ہم نوآبادیاتی اور غیر ملکی قبضوں کی باقیات کو ختم کرنے کے لیے اپنی اجتماعی ذمہ داری کی تجدید کرتے ہیں جو لوگوں کو ان کے جائز حقوق سے محروم رکھتے ہیں۔