• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جرمنی میں دو ایتھلیٹس لاپتہ، پی ایس بی کی تحقیقاتی کمیٹی قائم

کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے جرمنی میں ورلڈ یونیورسٹی گیمز 2025 میں پاکستانی دستے میں سے دو ایتھلیٹس کے لاپتہ ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سنگین کوتاہیوں اور بے ضابطگیوں پر تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔ کمیٹی ایچ ای سی کے ذریعے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے انتخاب کے عمل، بنیاد اور شفافیت کا جائزہ لے گی ۔ دو کھلاڑیوں کے لاپتہ ہونے کے حالات کا پتہ لگائے گی، کسی بھی غفلت یا عمل میں ناکامی کی ذمہ داری کا تعین کرے گی ۔ خواتین ریلے ٹیم اور کراٹے کے کھلاڑی کے یونیفارم اور کوچ نہ ہونے کے اسباب کا پتہ چلا کر 15 دن میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹس شاذل احمد اور ندیم علی کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ۔ گیمز میں سنگین بے ضابطگیاں بھی جاری ہیں۔ خواتین ایتھلیٹس چار ضرب چار سوریلے ریس کیلئے نااہل ہوئی۔ ٹیم آفیشل سمیرا ستار کی قوانین سے آگاہی پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ جوڈو کے کھلاڑی نے بغیر کوچ اور یونیفارم کے مقابلے میں حصہ لیا ۔