لندن (پی اے) مانچسٹر میں بون فائر نائٹ کے دوران پولیس اور فائر فائٹرز پر پٹاخوں سے حملہ کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے حملے کے الزام میں 3نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ منگل کے روز مقامی وقت کے مطابق 4 بج کر 15 منٹ پر لوگوں کے ایک بڑے گروپ کی جانب سے گورٹن کی وائن اسٹریٹ پر آتش بازی اور میزائل پھینکے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ انسپکٹر رچرڈ میک نامارا نے کہا کہ16سے18سال کی عمر کے3کم عمر نوجوانوں کو پرتشدد بدنظمی پیدا کرنے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں پوچھ گچھ کے لئے حراست میں لیا گیا ہے اور مزید گرفتاریاں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا حیران کن بات یہ ہے کہ آتش بازی کو ہنگامی خدمات انجام دینے والوں کے لئے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ یہ لوگ ہماری برادریوں کو محفوظ رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شکر ہے کہ کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے اور مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پٹاخوں سے کئے گئے حملے کے باوجود کوئی افسر زخمی نہیں ہوا۔ مک نمارا نے کہا کہ افسران اس معاملے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات کر رہے ہیں، جس سے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تمام ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس شام کو علاقے میں دیگر افراد کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے، یوتھ سروسز اور گریٹر مانچسٹر فائر سروس کے ساتھ مشترکہ گشت کا انتظام کیا گیا ہے۔