کیف (نیوز ڈیسک) یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ روس نے گزشتہ ماہ حملے کے لیے 2 ہزار سے زیادہ ڈرون استعمال کیے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ ماسکو کو ڈرون بنانے سے روکنے کے لیے پابندیاں عائد کی جائیں۔ یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت کیف کے 6اضلاع میں گزشتہ روز روسی ڈرون کا ملبہ گرا، جس سے کئی رہائشی عمارتوں میں آگ لگ گئی۔ صدر زیلنسکی نے کہا کہ ڈرون کی اتنی تعداد کا مطلب یہ ہے کہ ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد پرزے روس کو فراہم کیے گئے، جن کی ترسیل کی ممانعت تھی ۔ یوکرین مغرب سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسے دور تک مار کر سکنے والے ہتھیار استعمال کرنے کی اجازت دے تاکہ کیف روسی ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے روس کے اندر موجود فوجی اڈوں پر حملہ کر سکے۔