• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیل کی مدد کیلئے افواج کی تعیناتی آئین اور قانون کے خلاف ہے، امریکی اراکین کانگریس

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) اسرائیل میں امریکی فوج کی تعیناتی پر اراکین کانگریس نے صدر جو بائیڈن کو خط تحریر کیا ہے۔ خط کے متن کے مطابق اراکین کانگریس نے کہا کہ صدر جو بائیڈن مشرق وسطیٰ تنازع میں امریکی فوجی کردار کی وضاحت کریں۔ یہ خط پانچ ڈیموکریٹک ارکان کانگریس راشدہ طلیب، الہان عمر، سومرلی، اندرےکارسن اور کوری بش نے تحریر کیا ہے۔ خط کے متن کے مطابق اراکین نے کہا اسرائیل کی مدد کےلئے امریکی افواج کی تعیناتی آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ میزائل ڈیفنس سسٹم چلانے کے لئے 100امریکی فوجیوں کی تعیناتی کی گئی ہے خط میں امریکی صدر کو قوانین کی یاد دہانی کراتے ہوئے کہا گیا کہ امریکی فوج کی تعیناتی کےلئے صدر کو کانگریس کی منظوری لینا ہوتی ہے امریکی کانگریس نے 1973میں وار پاورز ریزولوشن پاس کیا تھا۔ اراکین نے کہا کہ کوئی بھی امریکی صدر بغیر کانگریس کی منظوری کے امریکی فوج کو جنگ میں شامل نہیں کر سکتا۔ وار پاورز ریزولوشن کے مطابق امریکی صدر کو کانگریس کو 48گھنٹوں کےاندر فوجی کارروائی کی اطلاع دینی ہوتی ہے اور اگر امریکی کانگریس اجازت نہ دے تو 60دن کے اندر افواج کو واپس بلانا پڑتا ہے۔ وار پاورز ریزولوشن کے تحت افغانستان اور عراق جنگ کےلئے امریکی کانگریس نے منظوری دی تھی۔
یورپ سے سے مزید