• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یارک شائر میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق، پروٹیکشن زون قائم کردیا گیا

لندن (پی اے) یارک شائر کے ایسٹ رائڈنگ میں واقع ایک کمرشل پولٹری فارم میں برڈ فلو پھیلنے کی تصدیق ہوگئی۔ HPAI کہلانے والا یہ وائرس بہت تیزی سے پھیلنے والا تصور کیا جاتا ہے۔ برڈفلو کی تصدیق کے بعد متاثرہ مقام کے اردگرد3کلومیٹر فاصلے تک پروٹیکشن زون قائم کردیا گیا ہے جبکہ10کلومیٹر کے سرکل میں مشاہداتی زون قائم کیا گیا اور پولٹری فارم میں موجود تمام مرغیاں ہلاک کردی گئی ہیں۔ یہ 2024کے دوران انگلینڈ میں پھیلنے والی دوسری وبا ہے۔ پہلی وبا فروری میں پھیلی تھی اور اس کا مطلب ہے کہ برطانیہ ابھی ایچ پی اے آئی کے خطرے سے پاک نہیں ہے۔ شمالی آئرلینڈ میں اس وبا کے 6کیسز ریکارڈ کئے جاچکے ہیں۔ پرندے رکھنے والوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور اپنے پرندوں کی حفاظت کریں۔ اس سے قبل برطانیہ میں بھی اسی طرح کے درجنوں واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن پر قابو پانے کے لئے اسی طرح کے اقدامات کئے گئے تھے۔ تاہم ان واقعات میں وائرس کی قدرے مختلف قسم ایچ 5 این 1 شامل تھی جبکہ ہارن سی کی وبا میں ایچ 5 این 5 اسٹرین پائی گئی تھی۔ پولٹری اور جنگلی پرندوں کو متاثر کرنے والا یہ وائرس تقریباً ایک صدی سے چل رہا ہے، یہ وائرس عام طور پر موسم خزاں میں پھیلتا ہے اور موسم بہار اور موسم گرما میں ختم ہو جاتا ہے۔ یہ پرندوں کے قطروں اور تھوک کے ذریعے یا آلودہ چارے اور پانی کے ذریعے پھیلتا ہے۔

یورپ سے سے مزید