بلوچستان کے صوبائی وزیر سردار عبدالرحمٰن کھیتران نے کہا ہے کہ پنجابی سے نفرت کے تاثر کو مٹا کر چھوڑیں گے، امن قائم کریں گے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ کون سی قومیت ہے کہ معصوم بچوں کو شہید کر کے آپ آزادی لینا چاہتے ہیں، کیا یہ آزادی ہے یا وحشی پن ہے؟
صوبائی وزیر نے کہا کہ دہشت گرد نہتے لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں، یہ وحشی لوگ ہیں، ہم نے بلوچستان کی تاریخ میں تعلیم کے لیے سب سے بڑا بجٹ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کو دنیا کی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے مواقع فراہم کر رہے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ آپ آئیں، ریاست سب کو اپنے سینے سے لگاتی ہے۔
اس موقع پر ترجمان حکومتِ بلوچستان شاہد رند نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم نوجونوں کو ریاست کے قریب لائیں۔
علاوہ ازیں کالعدم تنظیم بی ایل اے چھوڑنے والے طلعت عزیز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھے قائل کیا گیا کہ معصوموں کو قتل کروں، مجھے کہا گیا پہاڑوں پر نئی زندگی ملے گی۔