کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی، سلمان اکرم راجہ نےکہا ہے کہ ۔ہمیں امید ہے کہ ٹرمپ نیوٹرل رہیں گے پاکستان میں کسی سازش کا وہ حصہ نہیں بنیں گے۔
اس وقت ہماری عدلیہ پامال اور منہدم ہوچکی ہے،پارلیمان اپنا اخلاقی وجود کھو چکی ہے،اس آئینی بینچ کی آڑ میں یہ چاہتے ہیں کہ سر نیچے کرکے وہی فیصلے کریں جو ان کو کرنے کا کہا جائے، یہ تو محض غلام ہیں اور کٹھ پتلیاں ہیں ۔ یہ کہتے ہیں کہ اس کٹھ پتلی کے کھیل میں آپ بھی شامل ہوجائیں ، آئینی بینچ کے نام پر چن چن کر ایسے ججوں کو مقرر کیا جائے گاجو عدلیہ کی آزادی نہیں محکومی کی علامت بنیں گے،قومیں احتجاج کرتی ہیں باہر نکلتی ہیں اس کا اثر ہوتا ہے.
میزبان شہزاد اقبال نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کامیابیوں نے تحریک انصاف کو مزید بے چین کردیا ہے، وفاقی حکومت26 ویں آئینی ترمیم ، سپریم کورٹ ججز کی تعدادمیں اضافے اور سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں اضافے سمیت دیگراہم قانون سازیوں کے بعد سیاسی لحاظ سے آرام دے پوزیشن میں نظر آرہی ہے۔
سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی، سلمان اکرم راجہ نےکہا کہ پاکستان کی پارلیمان نے اپنے ہاتھ کاٹ کران قوتوں کے حوالے کردیئے ہیں جو پاکستان میں ہمیشہ جمہوریت کے خلاف رہی ہیں۔