لندن (جنگ نیوز) سماجی شخصیت شیخ سربلند نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں22برس بعد پاکستان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ان کے ملک میں ہرانا کسی کارنامہ سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد رضوان کی کپتانی میں ٹیم متحد ہوکر کھیلتی نظر آئی اور خصوصاً صائم ایوب، عبداللہ شفیق کے علاوہ شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے جس پرفارمنس کا مظاہرہ کیا وہ ایک عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو روزانہ کوئی ایک دل دہلانے والی خبر ملتی ہے، ایسے میں کرکٹ کے میدان سے ایک اچھی خبر کا آنا باعث مسرت ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار بھی کیا کہ ٹیم جیت کے تسلسل کو برقرار رکھے گی۔