اسلام آباد (عمر چیمہ) حکومت نے اتوار کو 24؍ سے زائد ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs) کو بلاک کرنے کا 6؍ گھنٹے کا ٹرائل کیا( وی پی این) تک محدود رسائی کی شکایات سامنے آئی ہیں۔خیال رہے کہ وی پی این اس وقت استعمال کیا جاتا ہے جب ملک میں کوئی ویب سائٹ یا ایپلی کیشن بند ہو۔اگست میں، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی ( پی ٹی اے) نے وی پی این کے استعمال پر سختی شروع کردی تھی، جس کا مقصد پہلے سے پابندی کا شکار مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم ’ایکس‘ تک رسائی کو محدود کرنا تھا۔اتوار کے روز پاکستان میں متعدد ایکس صارفین نے پلیٹ فارم پر لکھا کہ وی پی این کی رفتار کو کم کیا جارہا ہے اور اس کی رسائی کو محدود کیا جارہا ہے۔انٹرنیٹ اور ویب سائٹس کی بندش کو مانیٹر کرنے والی سائٹ کے مطابق صارفین نے وی پی این سروسز پر سروس میں تعطل کی شکایت کی، سائٹ پر درج کی گئی تمام شکایات کا تعلق ورچوئل پرائیوٹ نیٹ ورک سے کنیکٹ ہونے میں مشکلات کے حوالے سے تھا۔ویب سائٹ پر موجود گراف میں دیکھا گیا ہے کہ صارفین سروسز میں تعطل کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے جس میں 10 رپورٹس شام 6بج کر 15منٹ پر درج کی گئی ہیں، اسی طرح دوسری وی پی این سروس کے صارفین نے رات 7بج کر 29منٹ پر وی پی این کے حوالے سے شکایات درج کروائیں۔کچھ ایکس صارفین نے پاکستان میں اب بھی فعال وی پی این سروسز کی فہرستیں پوسٹ کرنا شروع کی ہیں ۔