اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ میں تشکیل دیئے جانے والےآئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کی زیر صدارت اجلاس میں طے پایا کہ آئینی نوعیت کے مقدمات کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ آئینی بنچ کے سربراہ کی صدارت میں قائم دو سینئرججوں پر مشتمل کمیٹی کریگی اوریہ تین رکنی کمیٹی آئینی نوعیت کے مقدمات کی سماعت کیلئے کم از کم پانچ ججوں پر مشتمل لارجر بنچ تشکیل دیگی۔
جسٹس امین الدین نے آئینی نوعیت کے مقدمات کی درجہ بندی کی ہدایت کر دی ہے۔
پیر کے روز آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان کے چیمبر میں آئینی مقدمات کو تیزرفتاری سے نمٹانے کے طریقہ کار کی تشکیل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ،جس میں سپریم کورٹ کے رجسٹرار محمد سلیم خان اور دیگر متعلقہ انتظامی افسران نے شرکت کی۔