فیصل آباد (شہباز احمد) پاکستان کے بڑے صنعتی مرکز اور آبادی کے لحاظ سے پنجاب کے دوسرے بڑے شہر فیصل آباد میں فضائی آلودگی اور سموگ کی جانچ کے لئے ہوا کے معیار کی نگرانی کا سرکاری نظام موجود نہیں ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے فضائی آلودگی کی جانچ کے لئے چند سال قبل شہر میں پانچ مقامات پر ائیر کوالٹی مانیٹر نصب کرنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم اس سلسلے میں صرف دو مقامات چناب کلب اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس میں ائیر کوالٹی کنٹرول مانیٹر لگائے گئے۔ سموگ کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بعد چناب کلب میں ایئر کوالٹی مانیٹر کو ہٹا دیا گیا ہے جبکہ چیمبر آف کامرس کا مانیٹر بھی غیر فعال ہے۔ چند دن قبل تک جب چناب کلب کا ائیر کوالٹی مانیٹر فعال تھا اس کا ائیر کوالٹی انڈیکس 250 سے 300 کے درمیان رہا جو کہ انتہائی مضر صحت ہے۔