کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور وفاقی وزیر برائے تعلیم و سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کی ترقی صرف پاکستان کی نہیں بلکہ ملت اسلامیہ کی ترقی ہے، کراچی میں پہلی بار 12 سے زائد جامعات کے کیمپس کھول رہے ہیں اب کراچی والوں کو روز خوشخبریاں ملیں گی۔ وہ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن کے کراچی کیمپس کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کسی کو ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان پلتا ہے یہی وہ عہدِ بے مثال ہے جسکے تحت ہم خود کو پاکستانی تصوّر کرتے ہیں ہماری آج یہاں موجودگی تاریخ میں بطور گواہ موجود رہے گی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِن تعلیمی اداروں کے ساتھ ایک نئی جہت کا آغاز ہوگا جو نئی نسل کو نئی راہ پر گامزن کریگا،اہم تعلیمی اداروں کے کیمپس کو کراچی لانے میں تمام معاونین کا کردار قابلِ تحسین ہے۔