کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کے ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیا و بحرالکاہل پیو اسمتھ کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ ان کی حکومت آبادی پر کنٹرول اور خاندانی منصوبہ بندی کے اہداف حاصل کرنے کےلیے پرعزم ہے۔ اس حوالے سے ہم نے پاپولیشن فنڈ کی مدد سے صوبے میں ماؤں کی بہتر صحت، حق پیدائش اور صنفی برابری کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ ملاقات میں وزیر صحت و بہبود آبادی عذرہ فضل پیچوہو، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ، اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کے نمائدہ برائے پاکستان ڈاکٹر لوئے شبانے، سندھ آفس کے سربراہ مقدر شاہ اور پروگرام انالسٹ رینوکا سوامی نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت دنیا کا پانچواں گنجان آباد ملک ہے۔ ملک کو اس وقت آبادی پر ضابطے اور ماؤں کی صحت سے متعلق چیلنجز کا سامنا ہے۔