اسلام آباد ( ایوب ناصر) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پیر کو ارکان کے سخت سوالات پر انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی غصے میں آگئے، اس دوران تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا چیئرمین راجا خرم نواز نے کہا کہ یونیفارم نہ پہنی ہوتی تو اجلاس سے اٹھا کر باہر بھیج دیتا، وردی پر موجودجھنڈے کی پروا ہے ۔کمیٹی نے امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کو اتھارٹی بنانے کے حوالے سے وزارت خزانہ سے جواب طلب کرلیا ہے، شہریت قانون میں ترمیم کا بل منظور ، چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر محکمہ پاسپورٹ اتنا ریونیو دے رہا تو ان کو اخراجات بھی ملنے چاہیے انہوں نے کہا کہ پاسپورٹ کو الگ سے ایک اتھارٹی بنائی جائے یا اس کو نادرا میں لے جائیں، رکن کمیٹی صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ پاسپورٹس کی تاخیر کی وجہ سے ہمارے سٹوڈنٹس بہت متاثر ہوئے ہیں ،قائمہ کمیٹی نے شہریت دینے سے متعلق قانون میں ترمیم کا بل منظور کرلیا جس کے تحت غیر ملکی کے بچے کی پیدائش پر پاکستانی شہریت نہیں دی جائےگی۔