فیصل آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں کلائمیٹ اسمارٹ ایگریکلچر پروگرام کا افتتاح کیا۔ پانچ سا لہ پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جدید آلات اور کاشتکاری کے طریقوں سے متعارف کروایا جائے گا۔ یہ پروگرام یونیورسٹی میں امریکہ کی معاونت سے قائم سینٹر فار ایڈوانس اسٹڈیز اِن ایگریکلچر میں کروایا جائے گا جس میں ملک بھر سے کاشتکار حصہ لے سکیں گے۔ امریکی سفیر نے افتتاحی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پروگرام سے زرعی پیداوار اور کاشتکاروں کی معاشی ترقی میں بہتری آئے گی، امریکہ اور پاکستان نے گزشتہ ساٹھ برس کے دوران ماحولیاتی تحفظ کو فروغ دیتے ہوئے زرعی پیداوار میں استحکام پر کام کیا ہے اور امریکہ پاکستانی عوام کے لیے ایک ایسے مستقبل کی تعمیر میں معاونت کر رہا ہے جو روشن، خوشحال اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی بھرپور استعداد کار کا حامل ہو۔ لاہور میں متعین امریکی قونصل جنرل کرسٹن ہاکنز، یو ایس ایڈ مشن کی ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھیں۔