لاہور(نمائندہ جنگ)پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون ترمیم زرعی انکم ٹیکس پنجاب 2024ء پیش کرنے کے بعد متعلقہ محکمہ کے سپرد کردیا گیا۔ ارکان اسمبلی کی طرف سے انسداد سموگ کیلئے پنجاب اسمبلی میں بھی ایئر پیوریفائر لگانے کی استدعا کردی۔نادرا سکسیشن سرٹیفکیٹ کی بھاری فیسوں کا معاملہ پنجاب اسمبلی پہنچ گیا۔ حکومتی رکن امجد علی جاوید نے شہریوں کو نادراوراثتی سرٹیفکیٹ لینے کیلئے 20ہزار روپے لینے کا معاملہ ایوان میں اٹھا یا، اورکہا کہ نادرا سکسیشن سرٹیفکیٹ کےلیے 20ہزار روپے اور ڈیکلائن سرٹیفکیٹ کیلئے 10ہزار روپے وصول کرنا ظلم ہے،وزیر قانون آئین میں ایک لائن کی ترمیم کردیں کہ اختیار سول کورٹ کے پاس بھی ہوگا وگرنہ عوام ذلیل و رسوا ہوتے رہیں گے، پینل آف چیئرمین نے امجد علی جاوید کو سکسیشن سرٹیفکیٹ کی فیس پر تحریک التوا ئے کار ایوان میں جمع کروانے کی ہدایت کردی۔