کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اسٹیل مل کی بحالی کا مضبوط ادارہ رکھتی ہے چاہتے ہیں روسی سفارت خانہ مدد کرے۔ جبکہ روسی سفیر کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور روسی ماہرین اگلے ہفتے آن لائن اسٹیل مل کی بحالی پربات کرینگے۔ ترجمان وزیراعلی سندھ کے مطابق وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے روس کے سفیر البرٹ خوریف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں روس کے قونصل جنرل آندرے فیڈروف، تھرڈ سیکرٹری پاول ایمانوف اور مس ایکٹرینا زیگچ نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ روس سے تعلقات بہتر سے بہتر اور مستحکم ہو رہے ہیں۔ اسٹیل مل کو بحال کرنا چاہتے ہیں اس سلسلے میں روسی سفارت خانہ مدد کرے۔ اسٹیل مل کا نیا پلانٹ لگایا جائے تو بہتر ہوگا۔ اسٹیل مل چلنے سے معیشت مستحکم ہوگی اور روزگار بڑھے گا۔ اسٹیل مل کے ملازمین پریشان ہیں انکا مسئلہ بھی حل ہوجائیگا۔ وزیراعلی سندھ اور روس کے سفیر نے دوطرفہ تجارت بڑھانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں روسی الیکٹرک بسیں کراچی لانے پر بات چیت کی گئی۔