اسلام آباد( رپورٹ حنیف خالد) امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے پاکستان یو ایس ٹیک انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےکہا ہےکہ کانفرنس پاکستان کے آئی ٹی شعبے میں اہم سنگ میل ہے جس میں ابتدائی طور پر پاکستانی نژاد امریکی کاروباری افراد کی قیادت میں امریکی کمپنیوں کی جانب سے 20 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا گیا ہے۔ لاس اینجلس میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کے زیر انتظام ہونے والے اس ایونٹ کو وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کام، وزارتِ تجارت، پاکستان سوفٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کی سپورٹ شامل تھی ۔ مقامی شراکت داروں میں اوپن- سلیکان ویلی اور سلیکان میں پاکستان امریکن ٹیک کونسل شامل تھے۔ سٹینفورڈ یونیورسٹی میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں آئی ٹی فرمز، وینچر کیپیٹلسٹ، ٹیک پروفیشنلز، معروف سمندر پار پاکستانی شخصیات ، منتخب اور سرکاری عہدیدار اور میڈیا اراکین نے شر کت کی ۔اپنے خطاب میں آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کی وزیر مملکت شزہ فاطمہ خواجہ نے آئی ٹی کے شعبے کو آگے بڑھانے اور 25 بلین ڈالر کے برآمدی ہدف کو حاصل کرنے کے لئے حکومت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔