• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 رکنی آئینی بنچ جمعرات اور جمعہ کو مقدمات کی سماعت کرے گا، روسٹر جاری

اسلام آباد (ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ کی آئینی بینچز کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 6 رکنی آئینی بینچ 14 اور 15 نومبر کو آئینی مقدمات کی سماعت کریگا، رجسٹرار سپریم کورٹ نے 6 رکنی آئینی بینچ کا کورٹ روسٹر جاری کردیا، جسکے مطابق آئینی بینچ 14 نومبر کو صبح ساڑھے 9 بجے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں مقدمات کی سماعت کریگا۔ روسٹر کے مطابق جسٹس جمال خان مندو خیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اختر افغان آئینی بینچ کا حصہ ہونگے۔ سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق آئینی بینچز کمیٹی کا اجلاس جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں منعقد ہوا، جسکا مقصد آئینی بینچز کی تشکیل کیلئے معاملات پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ جسٹس امین الدین خان کی زیر سربراہی اجلاس میں جسٹس جمال خان مندو خیل نے شرکت کی جبکہ جسٹس محمد علی مظہر کراچی سے ٹیلی فونک کال کے ذریعے شریک ہوئے۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس کے دوران رجسٹرار کی جانب سے کمیٹی کو زیر التوا آئینی مقدمات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ پرانے زیر التوا آئینی مقدمات کو ترجیح دی جائیگی۔
اہم خبریں سے مزید