• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حماس کے ہاتھوں 5 صہیونی فوجی ہلاک، اسرائیلی حملوں میں مزید 62 فلسطینی شہید

کراچی(نیوز ڈیسک)اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں حماس سے جھڑپ کے دوران مزید 5 صہیونی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے آغاز سے مرنے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 376 ہوگئی،جبکہ چوبیس گھنٹوں کے دوران غزہ پر اسرائیلی فوج کے زمینی اور فضائی حملوں میں مزید 62فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی میٰڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز غزہ میں حماس کے حملوں میں پیر کو مزید 5صہیونی اہلکار ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔اسرائیلی فوج نے بیان میں کہا ہے کہ پیر کو جبالیہ میں حماس کےٹینک شکن میزائل حملے میں میجر رینک کا صہیونی فوجی ہلاک ہوگیا جبکہ شمالی غزہ میں جبالیہ کے قریب بیت لاہیا کے ایک مکان پر ٹینک شکن میزائل حملے میں اسٹاف سارجنٹ رینک کے 4 اہلکار ہلاک ہوئے۔غیرملکی میڈیاکے مطابق غزہ میں اسرائیل کی زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 376فوجی ہلاک ہو چکے ہیں۔دوسری جانب فلسطینی طبی حکام نے گزشتہ روز بتایا کہ وسطی اور جنوبی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں تیزی کے بعد مزید 37فلسطینی شہید ہوگئے، پیر کو رات گئے خان یونس میں ایک کیفے کے قریب فضائی حملے میں 7فلسطینی شہید ہوئے۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق، وسطی غزہ کے علاقے دیر البلاح میں منگل کی صبح سے جاری متعدد اسرائیلی حملوں میں کم ازکم 25 فلسطینی شہید ہوگئے، جن میں کم ازکم 11افراد جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے شمالی علاقے المواسی میں پناہ گزینوں کے خیموں پر کی گئی اسرائیلی بمباری میں شہید ہوئے۔ شہدا میں 5 بچے بھی شامل ہیں ،جو کیفے میں اپنی پسندیدہ ٹیم کا فٹبال میچ دیکھ رہے تھے جبکہ 2 افراد وسطی غزہ کے نصیرت مہاجر کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوئے جبکہ متعدد افراد ملبے تلے دبے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید