کراچی (اسٹاف رپورٹر) لیاقت آباد دس نمبر فلائی اوور کی رات میں کی گئی استرکاری صبح تک برقرار نہ رہ سکی اور سڑک دوبارہ ٹوٹ گئی جسکا سخت نوٹس لیتے ہوئے میئر کراچی مرتضی وہاب کی ہدایت پر محکمہ انجینئرنگ کے ایم سی کے ایکسین اور اسسٹنٹ ایگزیکٹو انجینئر کو نوٹس دیتے ہوئے ان سے وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔
یہ سڑک بارشوں میں تباہ ہو گئی تھی اور شہر میں جاری مرمت کے کام کے باعث اسکی گزشتہ روز کارپٹننگ کی گئی تھی۔ واضح رہے ٹوٹنے والی سڑکوں کی مرمت کا کام ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے ان دنوں شہر میں جاری ہے۔
کے ایم سی محکمہ انجینئرننگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹھیکیدار نے صرف ایک ہی تہہ میں کارپیٹنگ کی تھی۔
متاثرہ ٹریک کو ٹھیک کرنے کیلئے کام شروع کردیا گیا تھا۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ سڑکوں کی مرمت کا 70 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے اور اب تک کسی ٹھیکیدار کو ادائیگی نہیں کی گئی ہے کیونکہ پہلے معیار کو یقینی بنایا جائیگا۔