کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات کی 10 نشستوں کے لیے 167 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں، تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، تفصیلات کے مطابق کراچی میں 10بلدیاتی نشستوں کے ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ 14نومبر کو ہوگی اس انتخابی جنگ میں 68 امیدوار مدمقابل ہیں، جن یونین کمیٹیوں کی خالی نشستوں پر انتخابات ہونے جارہے ہیں ان میں یو سی 5 یاسین آباد گلبرگ ٹائون کے وائس چیئرمین، یو سی 7 لیاقت آباد ٹائون کے چیئرمین، یو سی 10 بلدیہ ٹائون کے وارڈ 4 کے ممبر، یو سی 7 کورنگی ٹائون کے وارڈ نمبر 1 کے ممبر، یو سی 7 ماڈل کالونی ٹائون کے چیئرمین، یو سی 6 لانڈھی ٹائون کے چیئرمین، یو سی 9 ملیر ٹائون کے چیئرمین، یو سی 7 ابراہیم حیدری ٹائون کے وارڈ نمبر 4 کے ممبر، یو سی 13 صدر ٹائون کے چیئرمین اور یو سی 5 منگھوپیر ٹائون کے وارڈ نمبر 4کے ممبر کے لیے پولنگ ہوگی، ان یونین کمیٹیوں میں 2 لاکھ 95 ہزار 491 افراد حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے جن میں 1لاکھ 57ہزار 617مرد اور 1 لاکھ 37 ہزار 874خواتین ووٹرز شامل ہیں،علاوہ ازیں الیکشن کمشنر سندھ نے پریس کانفرنس سے خطا ب میں بتایا کہ بلدیات کا پہلا ضمنی الیکشن آج ہوگا ، سندھ بھر سے 32نشستوں کے لیے پولنگ ہوگی ، 173 امیدوار میدان میں ہیں ،213 انتہائی حساس، 47حساس اور 11پولنگ اسٹیشن نارمل ہیں سیکورٹی کے انتظامات کرلیے گئے ہیں ، پولنگ میٹریل تقسیم کیا جاچکا ہے ،امید ہے کہ پولنگ کا مرحلہ پرامن طور پر مکمل ہوجائے گا۔دریں اثناء ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت کراچی پولیس آفس میں ضمنی الیکشن کی سیکیورٹی انتظامات سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں زونل ڈی آئی جیز ،ضلعی ایس ایس پیز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی، ضمنی الیکشن کے انعقاد پر اجلاس میں حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ پولیس چیف کو افسران نے سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی، اجلاس میں شہر میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کیلئے پولیس چیف نے خصوصی احکامات جاری کئے،کراچی پولیس چیف نے سیکیورٹی پلان کے مطابق تمام تر انتظامات ہر ممکن طور پر فول پروف بنانے کی ہدایت کی ۔