کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر بحری امور قیصر شیخ کی ملاقات میں ٹرالرز کا مسئلہ حل کرنے کےلیے کمیٹی بنانے پر اتفاق، تفصیلات کے مطابق بدھ کو ، وفاقی وزیر بحری امور قیصر شیخ نےوزیر اعلیٰ ہائوس میں مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور ماہی گیروں کے مسائل کے حل، سمندری آلودگی پر قابو پانے اور کیٹی بندر کو نئی بندرگاہ بنانے کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں ، سیکریٹری وزیراعلیٰ رحیم شیخ اور چیئرمین پورٹ قاسم ریئرایڈمرل ناصر شاہ نے شرکت کی۔ ملاقات میں گفتگو کا آغاز مچھلی کے ٹرالرز سے کیا گیا جو مچھلی کے بیج کو تباہ کرکے ماہی گیری کے وسائل ختم کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے باریک جال بلو اور گجو کے استعمال پر پابندی لگادی ہے تاہم ٹرالرز کو کون سی حکومت لائسنس جاری کرے گی یہ ابھی تک حل نہیں کیا گیا ہے۔ ٹرالرز کا مسئلہ حل کرنے کےلیے وزیراعلیٰ اور وفاقی وزیر کے درمیان وفاقی وزارت بحری امور، حکومت سندھ اور بلوچستان کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔