اسلام آباد(نمائندہ جنگ)سپریم کورٹ نے آئینی بینچ میں مقدمات کی سماعت کی کاز لسٹ جاری کردی ،آئینی بینچ آج 34 مقدمات کی سماعت کرے گا، بیرون ملک ثاثے رکھنے والے ارکان اسمبلی کی عوامی عہدہ کیلئے نااہلیت کیلئے دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6رکنی بینچ 14اور 15نومبر کو مجموعی طور پر آئینی نوعیت کے 34مقدمات کی سماعت کرے گا،کاز لسٹ کے مطابق ماحولیاتی آلودگی سے متعلق مقدمات بھی سماعت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں جن میں ایک مقدمہ سال1993 کا بھی ہے،جسٹس قاضی فائز عیسی کی بطور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ تعیناتی کے حوالے سے درخواست خارج ہونے کیخلاف نظر ثانی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ، اس کے علاوہ عام انتخابات 2024 دوبارہ شیڈیول کرنے کی درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے، کاز لسٹ کے مطابق سرکاری افسران کے غیر ملکی شہریوں سے شادی پر پابندی کیلئے دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے، پاکستانیوں کے بیرون ملک بینک اکاؤنٹس پر ازخود نوٹس کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کیا گیا ہے،سیاسی رہنما محمد علی درانی کی جانب سے دائر ملک کا لوٹا گیا پیسہ دیگر ممالک سے واپس لانے کیلئے دائر درخواست بھی سماعت کیلئے مقرر کی گئی ہے، کاز لسٹ کے مطابق دفاتر میں خواتین کو ہراساں کرنے سے متعلق مقدمات بھی سماعت کیلئے مقرر کیے گئے ہیں۔