کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام ، جید علمائے کرام اور سینئر صحافیوں نے کہا ہے کہ قدرتی گیس کےدرست استعمال کو یقینی بناکرصارفین جانی اور مالی نقصانات سے بچ سکتے ہیں ،صارفین کو بلاتعطل گیس کی مسلسل فراہمی کے لئے نئے کنکشنز پر وفاقی حکومت نے پابندی کا فیصلہ کیا ہے،یہ بات سینئر جی ایم سوئی گیس عبدالوحید جمالی ، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق رند ، جی ایم فاروق احمد خان ، سید حبیب اللہ شاہ ، علامہ ہاشم موسوی ، علامہ ولایت حسین جعفری ، شاہد شیخ ، عبدالشکور ، قاری محمد طفیل ، قاری ارشد یامین ، محمد الطاف و دیگر نے بدھ کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے زیراہتمام آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہاکہ قدرتی گیس اللہ تعالیٰ کی نعمت ہے ، اس کے درست استعمال کو یقینی بناکرصارفین جانی اور مالی نقصانات سے بچ سکتے ہیں ، کمپنی سندھ اور بلوچستان کے 32 لاکھ صارفین کو گیس کی بلاتعطل فراہم کررہی ہے گیس کمپنی حکام نے کہا کہ موسم سرما میں بلوچستان کے لوگوں کی ضرورت پوری کی جارہی ہےہر سال گیس کے ذخائر کم اور طلب میں اضافہ ہورہا ہے جس سے مشکلات ہیں موجودہ صارفین کو بلاتعطل گیس کی مسلسل فراہمی کے لئے نئے کنکشن پر وفاقی حکومت نے پابندی کا فیصلہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں 50 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی گیس پائپ لائن بچھائی گئی ہے جبکہ مزید لائن بچھانے اور مرمت کا کام جاری ہے،علما کرام اور صحافیوں نے گیس پریشر میں کمی اور بھاری بھر کم بلوں سمیت صارفین کو درپیش دیگر مسائل کےبروقت حل کے لئے فوری اقدامات اٹھانے کے لئے ون ونڈو آپریشن کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صارفین اپنے مسائل کے حل کیلئے جب کمپنی کے دفتر جاتے ہیں تو انہیں مختلف شعبوں کے چکر لگوائے جاتے ہیں جس سے صارفین کو ذہنی کوفت اٹھانی پڑتی ہے اور ان کا وقت ضائع ہوتا ہے ،گیس صارفین کو سہولیات کی فراہمی کے مطالبات اور تجاویز سوئی سدرن گیس کمپنی اپنے اعلیٰ عہدیدار اور اوگرا سمیت حکومتی حکام کے سامنے رکھیں تاکہ ان مشکلات کو دور کیا جاسکے ۔