• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بی ایم سی واقعہ پر ضلعی انتظامیہ نے جلتی پر تیل کا کام کیا‘ ینگ ڈاکٹرز

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نے بولان میڈیکل کالج کے واقعہ کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ پر عائد کرتے ہوئے کہاہےکہ انتظامیہ نے واقعہ میں جلتی پر تیل کا کام کیا۔ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان ڈاکٹر صبور کاکڑ کے جاری بیان میں کہاگیاہےکہ کالج میں سوچی سمجھی سازش کی تحت حالات خراب کئےگئے ہیں ۔پولیس کے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے جلتی پر تیل کا کام کیا، چار سے چھ گھنٹے جاری رہنے والی لڑائی میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی رہی،انتظامیہ کی ملی بھگت سے پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہیں، حالیہ واقعہ میں جب طلباء تنظیموں کے درمیان کشیدگی کو پرامن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی، ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے اچانک طلباء پر تشدد شروع کر دیا اور صورتحال کو مزید خراب کر دیا۔پولیس کے اس غیر انسانی کارروائی کے نتیجے میں سیکڑوں طلبا زخمی ہوئے جبکہ 100 سے زائد بولان میڈیکل کالج کے طلبا کو گرفتار کر لیا گیا، طلباء کے ساتھ ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن بلوچستان کے ارکان جو ثالثی کا کردار ادا کرنے والے ڈاکٹرز کو زخمی اور کچھ کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے کہا کہ بولان میڈیکل کالج میں طلباء کے امتحانات جاری ہیں، سازش کے تحت حالات خراب کر کے ہاسٹل کو بند کیا گیا،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ امتحانات کے دوران طلباء کو ہاسٹل کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔ حکومت بلوچستان، وزیراعلیٰ ، وزیر صحت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار طلباء کو فوری رہا کیا جائے۔
کوئٹہ سے مزید