ملتان (سٹاف رپورٹر) فاطمہ فرٹیلائزر ملتان انتظامیہ کی جانب سے سیوریج کے دو کنکشن غیر قانونی طور پر واسا کی سیوریج لائن میں ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس سے واسا ملتان کو کنکشن فیس اور سیوریج کے بلوں کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔ واسا ملتان انتظامیہ نے فوری طور پر سیوریج کے بلوں کی ریکوری کیلئے اقدامات شروع کردیئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ فاطمہ فرٹیلائزر ملتان انتظامیہ کی جانب سے سیوریج کا ایک کنکشن واسا ملتان سے ریگولر کروایا ہے اور اس کی ماہانہ ادائیگی کی جارہی ہے لیکن فاطمہ فرٹیلائزر انتظامیہ کی جانب سے کالونی و فیکٹری کے مزید دو کنکشن واسا کی سیوریج لائن میں ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، سیوریج بلوں کی مد میں واسا ملتان کو سالانہ کروڑوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے ۔ ڈائریکٹر ریکوری واسا شیخ عبدالسلام نے فوری طور پر فاطمہ فرٹیلائزر کو سیوریج پانی کا بل بھیجوانے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔