کراچی(اسٹاف رپورٹر) ضمنی بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی ،حکومت سندھ اور الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ سے بدترین دھاندلی کر کے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ اور جیتی ہوئی نشستیں چھیننے کے خلاف جماعت اسلامی نے جمعہ کو نرسری،شارع فیصل پر احتجاج و دھرنا دیا ، قبل ازیں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر انتخابی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کر دیا ہے کہ وہ جمہوریت کی بجائے فسطائیت اور عوامی رائے کی بجائے ووٹوں کی ڈکیتی اور قبضے پر یقین رکھتی ہے، مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنا پیپلز پارٹی کی دیرینہ روایت ہے جس کی بنیاد پارٹی کے بانی چیئر مین اور بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی، جماعت اسلامی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت و الیکشن کمیشن کے گٹھ جوڑ، عوامی مینڈیٹ پر ڈاکے اور اپنی جیتی ہوئی سیٹیں چھیننے کے خلاف احتجاج کا دائرہ مزید وسیع،عوامی و جمہوری جدو جہد اور عدالتی وقانونی راستہ اختیار کرے گی، میں اہل کراچی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ یہ شہر جانتا ہے کہ 2023کے بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی نے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالاتھا اور 14نومبر 2024کو بھی یہی روایت برقرار رکھی گئی، لیاقت آباد یوسی 7میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کی ملی بھگت سے 2 ہزارسے زائد ووٹ ایسے شامل کیے گئے جن کا مستقل پتہ وہاں کا تھا نہ عارضی، دھاندلی کی وجہ سے عوام کا انتخابی عمل سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے،شارع فیصل پر احتجاج و دھرنے سے کراچی کے منعم ظفر خان،نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیدر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ، سیکریٹری کراچی توفیق الدین صدیقی، امیر ضلع کورنگی فرحان بیگ، امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج، امیر ضلع ائیر پورٹ چوہدری محمد اشرف، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، ڈپٹی پارلیمای لیڈر سٹی کونسل جنید مکاتی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔