اسلام آباد (ایوب ناصر‘خصوصی نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت کے سستے بازاروں میں بھی ایک نرخ پر سبزیوںاور فروٹ کی فروخت ممکن نہ ہو سکی۔مضافاتی علاقوںکے سستے بازار میونسپل کارپوریشن کی بجائے من مانی قیمتیں وصول کرتے ہیں۔میونسپل کارپوریشن کی ریٹلسٹ صرف جی ٹین، ایچ نائن، جی سکس، آئی نائن اور بھارہ کہو کے جمعہ بازاروں تک محدود ہے حالانکہ سابق چیف کمشنر عامر علی احمد نے شہر اقتدار کے تمام سستے بازاروں کے نرخ یکساںکرنے کا حکم دیا تھا۔کھلی مارکیٹ کی نسبت نرخ سبزی منڈی کے قریب قریب ہونے کی وجہ سے شہریوں کی ایک بری تعداد سستے بازاروں کا رخ کرتی ہے، مگر وہاںبھی بعض سٹال ہولڈر من مانی کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ جی سکس سستے جمعہ بازار میںآلو 84 روپے، سفید آلو 60 روپے، پیاز 105، کھیرا 50روپے، گاجر 70 روپے، بند گوبھی 52 روپے، ٹماٹر 115 روپے اور لیموں68 روپے مقرر تھی مگر ٹماٹر 150 روپے، کھیرا 75 روپے اور لیموں200 روپے میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ انگور کے نرخ 250 روپے، سیب گاجا 150، سیب کالا کولو 225 روپے، انار 270روپے، کیلا 100روپے درجن اور امرود بھی 100 کلو فروخت ہوتا رہا۔