کراچی(اسٹاف رپورٹر) سیاسی حلقوں اور سوشل میڈیا پر ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان کی اعلی قیادت میں اختلافات کی خبریں گردش کررہی ہیں، جبکہ پارٹی کے بعض ذرائع بھی اس بات کی تصدیق کررہے ہیں کہ پارٹی میں انتشار کی صورت حال ہے جس کی شدت کی تپش نچلی سطح کے کار کنان بھی محسوس کررہے ہیں،، ایم کیو ایم کے سنیئر رہنما سابق وفاقی وزیر رکن قومی سید امین الحق نےاختلافات کی خبروں کو بکواس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی پہلے سے زیادہ متحد اور عوام میں مقبول ہے، پارٹی میں کوئی انتشار نہیں، تمام رہنما یکجا ہوکر پارٹی کو بہتر بنانے کے لئے اپنی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں،اس قسم کی باتیں صرف اور صرف ایم کیو ایم کے میڈیا ٹرائیلز کا حصہ ہیں۔ ، پارٹی میں زرائع ابلاغ سمیت دیگر شعبوں کے ذمے داران بھی اس بات سے انکار نہیں کررہے ہیں کہ کچھ نہ کچھ گڑ بڑ ضرور ہے، بعض اطلاعات کے مطابق ایم کیو ایم میں انضمام کے بعد دو اہم رہنما ان دنوں غیر فعال ہیں اور وہ پارٹی قیادت کے واٹس ایپ گروپ میں بھی کئی دنوں سے متحرک نہیں۔