لاہور (نیوز ایجنسیاں) 9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد سامنے آگئے، حکومت نے فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کر دیں۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے لاہور میں سانحہ 9 مئی اور سی سی ٹی وی شواہد سے متعلق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب فوجی تنصیبات پر حملہ کرنیوالوں کے کیسز کا جلد فیصلہ کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
فوٹیجز میں پی ٹی آئی رہنماؤں کو جی ایچ کیو اور کورکمانڈر ہاؤس جانے کی ہدایات دیتے اور توڑ پھوڑ کرنیوالے بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تحریک انتشار کے لوگ اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی رٹ لگاتے رہے کہ ہمارے لوگ نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایک جماعت نے منظم سازش کے ذریعے 9 مئی کے حملے کیے، تحریک انتشار کے سرکردہ رہنما 9 مئی کے حملوں میں ملوث تھے اور پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9 مئی کے لیے ہدایات دی گئیں۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کیے، شہدا کی یادگاریں مسمار کیں، 9 مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی ویڈیوز موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیجز سے صاف ظاہر ہے کہ 9 مئی کے سانحے میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث تھے۔
انہوں نے کہا کہ انتشار اور فساد پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، لوٹ مار کرنا، چوری چکاری کرنا پی ٹی آئی کا منشور ہے، سی سی ٹی وی فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز اور شواہد سامنے لاؤ، تمام شواہد آپ کے سامنے ہیں، کیا بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کے حواری قوم سے معافی مانگیں گے۔