کراچی ( اسٹاف رپورٹر)ایسوسی ایشن آف چارٹرڈ سرٹیفائیڈ اکاؤنٹنٹس(ACCA)نے پاکستان سے تعلق رکھنے والی عائلہ مجید کو صدر منتخب کیاہے۔ عائلہ مجید اے سی سی اے کی120سالہ تاریخ میں پاکستان سے اس عہدے کے لیے منتخب ہونے والی پہلی شخصیت بن گئی ہیں۔عائلہ مجید پلانیٹیو مڈل ایسٹ اور اسلام آباد میں قائم پلانیٹیو پاکستان کی بانی اور سی ای اوہیں،جوڈیکاربونائزیشن، پائیداری، اور توانائی کے حوالے سے خدمات سرانجام دیتی ہے۔عائلہ مجید 180 ممالک میں اے سی سی اے کے 252,500 سے زائد اراکین اور 526,000 مستقبل کے اراکین کی قیادت کریں گی۔ وہ ایسے وقت میں صدر منتخب ہوئی ہیں جب اے سی سی اے نے ایک ملین کی چوتھائی سے زیادہ اراکین ہونے کا اہم سنگ میل عبور کیا ہے،اس کے ساتھ ساتھ اس سال اپنی 120 ویں سالگرہ بھی منائے گا۔ عائلہ مجید نے 2006 میں اے سی سی اے میں شمولیت اختیار کی تھی جس کے بعدانہوں نے 2024 میں یہ صدارتی سنگ میل حاصل کیاہے۔ عائلہ مجید کو توانائی، لین دین کے معاملات، انضمام اور حصول، سرمایہ کاری اور کارپوریٹ میں 20 سال سے زیادہ کا تجربہ ہے۔