کراچی (اعجاز احمد۔۔۔اسٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے مواصلات نے کراچی میں تعمیر’’ناردرن بائی پاس‘‘ ڈبل کر کے بحال کرنے کی منظوری دے دی، جس کے نتیجے میں ہیوی ٹریفک کو شہر خصوصاً ضلع وسطی کے اندر سے گزرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ کمیٹی کے رکن متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر راہنما سید مصطفیٰ کمال نے اجلاس میں موقف اختیار کیا کہ ناردرن بائی پاس ڈبل نہ ہونے سے ہیوی ٹریفک کراچی ضلع وسطی میں گھومتا ہے، جس کے باعث شہر کا ٹریفک بری طرح متاثر ہوتا ہے اور ، شہریوں کے معمولات زندگی رک جاتے ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کراچی سے پشاورتک موٹر وے کی تعمیر کے سلسلے میں اب حیدرآباد سے سکھر تک موٹر وے تعمیر ہونا ہے، جب کہ کراچی سے حیدرآباد تک بنی سڑک موٹر وے نہیں! بلکہ یہ ایکسپریس وے ہے، جسے موٹر وے میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے زور دیا کہ کراچی کے نادرن بائی پاس کو بھی ڈبل کرنے کی ضرورت ہے، کیوں کہ وہ ہیوی ٹریفک جسے خیبرپختونخوا یا ملک کے دیگر علاقوں کی جانب جانا یا آنا ہوتا ہے۔