اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) سابق سینیٹر اور ممتاز صنعتکار الیاس احمد بلور انتقال کرگئے۔ صدر آصف علی زرداری،وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان اور دیگر اہم رہنماؤں نےعوامی نیشنل پارٹی کے رہنما و سابق سینیٹرالیاس احمد بلور کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔الیاس بلور گزشتہ کئی دنوں سے اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے ۔مرحوم سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور، بشیر احمد بلور اور عزیز احمد بلور کے بھائی جبکہ غضنفر احمد بلور کے والد تھے۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج بروز اتوار بوقت 2 بجے وزیر باغ پشاور میں ادا کی جائیگی ۔صدر مملکت آصف علی زردار، وزیراعظم شہبازشریف، ودیگرسیاسی ومذہبی رہنماؤں نے الیاس احمد بلور کے اِنتقال پر اظہارِ افسوس اورمرحوم کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت، اِظہار ہمدردی کیا ہے۔ صدر نے الیاس احمد بلور مرحوم کیلئے دعائے مغفرت، ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اظہار افسوس اور مرحوم کے اہل خانہ کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی اور کہا کہ الیاس احمد بلور کی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ناقابل فراموش خدمات ہیں۔