غزہ (اے ایف پی)شام میں اسرائیلی حملے میں اسلامی جہاد کے دو سینئر رہنما شہید ہوئے، غزہ میں گزشتہ24گھنٹوں میں35فلسطینی شہید ہوئے تفصیلات کے مطابق، حماس کے اتحادی فلسطینی گروپ کے ایک ذریعے نے بتایا کہ جمعرات کو شام پر اسرائیلی حملے میں اسلامی جہاد کی دو سینئر شخصیات شہیدہو گئیں۔ذرائع نےگزشتہ روزبتایا کہ اسلامی جہاد کے سیاسی بیورو کے رکن عبدالعزیز مناوی اور گروپ کے خارجہ تعلقات کے سربراہ رسمی ابو عیسیٰ دمشق کے علاقے قدسیہ پر حملے میں شہید ہوئے۔ اسی ذریعے نے بتایا کہ شام میں گروپ کے دفاتر میں سے ایک عمارت پرحملے میں اسلامی جہاد کا ایک اور رکن بھی شہید ہوگیا ۔اسرائیلی حکام نے جمعرات کے ایک حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسلامی جہاد کو نشانہ بنایا۔تاہم اسرائیلی فوج نے دونوں رہنماؤں کی شہادت پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس وار مانیٹر کے مطابق جمعرات کو دمشق اور اس کے ارد گرد اسرائیلی حملوں میں 23افراد شہید ہوئے۔شام کے سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے جمعے کو ایک بار پھر مزاہ ضلع پر حملہ کیا۔ خیال رہے کہ اسلامی جہاد کے پاس اب بھی 7اکتوبر 2023کو جنوبی اسرائیل پر حملے کے دوران کئی اسرائیلی یرغمال ہیں۔ رواں ہفتے گروپ نے 29 سالہ روسی اسرائیلی یرغمالی ساشا تروپانوف کے دو ویڈیو کلپس جاری کیے تھے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ24گھنٹوں میں 35فلسطینی شہید ہوئے۔ 13ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ میں کم از کم 43,799افراد شہید،103,601زخمی ہو چکے ہیں۔