کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر کراچی میں غیر قانونی طور پر داخل ہونے والی بڑی گاڑیوں کے خلاف آپریشن جاری ہے، جس کے دوران محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ نے اگست 2024 ءسے اب تک قوانین کی خلاف ورزی پر 1,392گاڑیوں کا چالان کرکے مجموعی طور پر 44 لاکھ 28 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، جب کہ 80 گاڑیاں تحویل میں لے لیںاور 58 روٹ پرمٹس معطل کر دیئے۔ نیزقوانین کی خلاف ورزی پر 18 ٹرانسپورٹرز کو متنبہ بھی کیا گیا۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے اعلامیے کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کا مقصد تمام ٹرانسپورٹ سرگرمیاں قانونی معیارات کے مطابق کرنا ہے ، غیر قانونی بس اڈوں کے خلاف آپریشن سے کراچی کی سڑکوں پر ٹریفک دباؤ میں بہت کمی آئی ہے، حکومت سندھ بلا تفریق قانون کے نفاذ کے لیے پرعزم ہے ، خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا، ہماری اولین ترجیح غیر قانونی اور غیر محفوظ گاڑیاں سڑکوں سے ہٹانا اور شہریوں کی پریشانیوں کا خاتمہ یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکام سے تعاون کریں ، جب کہ ٹرانسپورٹرز قوانین پر سختی سے عمل کریں، مہم مکمل تعمیل تک جاری رہے گی۔