• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں 8 ارب سے چیف منسٹر ڈائیلاسز پروگرام کی منظوری

لاہور(آصف محمود بٹ ) پنجاب حکومت صوبے بھر میں گردوں کے عارضہ میں مبتلا ڈائیلاسز کے مریضوں کو بڑی مالی مدد فراہم کرنے کیلئے 8 ارب روپے سے اب تک کا سب سے بڑا ڈائیلاسز پروگرام شروع کرنے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔ معتبر ذرائع نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے "چیف منسٹرز ڈائیلاسز پروگرام" کی اصولی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد گردے کی دائمی بیماری (CKD) کے بڑھتے ہوئے واقعات سے نمٹنا ہے۔ یہ پروگرام اس بیماری کا سامنا کرنے والے ، اس سے جسمانی نقصان اٹھانے والے اور ڈائیلاسز علاج کا بھاری مالی بوجھ اٹھانے والے ہزاروں افراد کے لیے ایک لائف لائن ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ گردے سے متعلقہ بیماریاں پاکستان میں موت کی 12ویں بڑی وجہ ہیں۔ ملک بھر میں 2کروڑ 20لاکھ سے زائد افراد گردے کی بیماری سے متاثر ہوتے ہیں جبکہ پنجاب میں ہر سال 30,000 سے زائد افراد گردوں کے ڈائیلاسز کے عمل سے گزرتے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ڈائیلاسز کے مریضوں پر مالی دباؤ بہت زیادہ ہے۔ بہت سے لوگوں کو باقاعدگی سے ڈائیلاسز سیشنز سے منسلک زیادہ اخراجات انہیں مالی تباہی کے دہانے پر دھکیل دیتے ہیں۔ اس بیماری کے شکار مجبور اور مالی مشکلات سے دوچار ہر مریض کو ’’چیف منسٹر ڈائیلاسز پروگرام ‘‘ کے تحت سالانہ 10لاکھ روپے تک علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی جس میں ڈائیلاسز، مشاورت، ادویات اور متعلقہ طبی خدمات کی پوری لاگت کا احاطہ کیا جائے گا۔ ’’چیف منسٹر ڈائیلاسز پروگرام ‘‘ پنجاب کے ایسے تمام مستقل رہائشیوں کے لیے دستیاب ہوگا جو نادرا (نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی) کے ریکارڈ کے ذریعے تصدیق شدہ ہے۔ اس پروگرام کے تحت صوبے بھر میں لاکھوں لوگ سماجی واقتصادی حیثیت سے قطع نظر اپنی ضرورت کے علاج تک مفت رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اہم خبریں سے مزید