اسلام آباد(فاروق اقدس)بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے ایک بار پھر اپنےاس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ ملک میں عام انتخابات ضروری اصلاحات مکمل ہونے کےبعد ہی کرائے جائیں گے،حسینہ واجد کی حوالگی کیلئے عالمی عدالت سے رابطہ ، بھارت سے بھی مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے عوام سے صبر سے کام لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہائیوں تک پائیدار انتخابی نظام چاہتے ہیں۔ عبوری حکومت کے100دن مکمل ہونے پر قوم سے اپنے خطاب میں انہوں نے ملک میں انقلاب کے نتیجے میں معذول اور مفرور ہونے والی سابقہ وزیراعظم حسینہ واجد کی حوالگی کیلئے بھارت سے باضابطہ مطالبہ کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی انتظامیہ کی توجہ شیخ حسینہ واجد کا تختہ الٹنے والے مظاہرین پر تشدد میں ملوث افراد کو کٹہرے میں کھڑا کرنے پر مرکوز ہے۔سابق وزیراعظم کی حکومت میں شامل وزرا ءجنہیں تحویل میں رکھا گیا ہے ان کے خلاف بھی اس قسم کے الزامات میں کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جولائی اور اگست میں احتجاج میں شدت آنے کے دوران جبری گمشدگیوں، قتل و غارت گری اور بڑی تعداد میں لوگوں کو مارنے والے ذمہ داران کے اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔