کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) محکمہ صحت سندھ کے تحت حفاظتی ٹیکوںسے محروم رہ جانے والے بچوں کے لئے خصوصی مہم بگ کیچ اپ شروع کی جا رہی ہے جس کے تحت سندھ کے تیس اضلاع میں بیس لاکھ بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے جن میں کراچی کے آٹھ لاکھ بچے بھی شامل ہیں۔بارہ روزہ مہم میں چار ہزار ویکسی نیٹرز، آٹھ ہزار سوشل موبلائزرز اور بارہ سو یونین کونسل میڈیکل آفیسرزحصہ لیں گے۔ زیرو سے ہیرو، مکمل کورس ، صحت مند زندگی کے نعرے سے شروع کی جانے والی مہم کا خصوصی ہدف کورونا وبا کے دروان حفاظتی ٹیکوں سے محروم رہ جانے والے بچے ہوں گے تاہم ٹیکے اب پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو لگائے جائیں گے۔ بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے چلائی جانے والی مہم میں ڈیفالٹر اور زیرو ڈوز والے بچوں کو بھی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس ضمن میں وزیر صحت سندھ، ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کا کہنا تھا کہ بگ کیچ اپ حفاظتی ٹیکوں کی کوریج بڑھانے بالخصوص وبائی امراض کے دوران ویکسین سے محروم رہنے والے کی ویکسی نیشن کے لئے اہم ہے۔ ای پی آئی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نعیم کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ کوئی بچہ حفاظتی ٹیکوں سے محروم نہ رہ تاکہ مہلک بیماریوں سے بچ سکے۔ ایڈیشنل پروگرام ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر سہیل رضا شیخ کا کہنا تھا کہ حفاظتی ٹیکوں کی کوریج کو ٹریک کرنے کے لیے سندھ الیکٹرانک رجسٹری کے ڈیٹا کا استعمال کر رہے ہیں جبکہ کمیونٹی کو مہم سے باخبر رکھنے کے لئے سوشل موبلائزرز استعمال کیے گئے ہیں۔ انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ اپنے بچوں کو ٹیکے ضرور لگوائیں۔ بارہ روزہ مہم منگل 19 نومبر سے شروع ہوگی۔