• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناکارہ طیارہ بدھ کی رات کراچی سے حیدرآباد منتقل ہوگا

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی ایئرپورٹ پر 13سال قبل کریش لینڈنگ کرنے والے سعودی طیارے کو دیوہیکل ٹرالر پر20اور21نومبر کی درمیانی شب نیشنل ہائی وے کے راستے حیدرآباد منتقل کیا جائے گا۔ 60ٹن وزنی اور 160فٹ طویل طیارے کی منتقلی نیو بابر کارگو موورز نے جرمن ٹیکنالوجی کے حامل طویل ترین ٹرالر کے ذریعے کرنا ہے۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر منیر عالم کے مطابق طیارے کو ملیر نیشنل ہائی وے سے گھارو اور ٹھٹھہ کے راستے حیدرآباد میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ٹریننگ سینٹر منتقل کیا جانا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ اتھارٹیز سے این او سیز حاصل کرلئے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق منتقلی کو آسان کرنے کیلئے طیارے کو 2 حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ دوران سفر ٹریفک میں خلل نہ پڑے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تربیتی ادارے "کٹائی" میں منتقل کئے جانے والا یہ دوسرا طیارہ ہوگا چند روز قبل بھی ایک بوئنگ طیارہ کو موٹروے کے راستے حیدرآباد منتقل کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق حیدرآباد منتقلی کیلئے تیار چارٹرڈ طیارے ایم ڈی 83 نے 25 دسمبر 2011 کو نوز وہیل نہ کھلنے پر کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی تھی، سعودی شہزادے کے زیر استعمال طیارے میں تبوک سے کوئٹہ جاتے ہوئے فنی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔
اہم خبریں سے مزید