اوٹاوا (نیوزڈیسک) اوٹاوا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بینک آف پنجاب اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون سے کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں کیلئے ایک ویبنار کا انعقاد کیا۔ اس اقدام کا مقصد پاکستان میں کمرشل بینکوں کے تعاون سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا ایک فلیگ شپ پروگرام روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ (آر ڈی اے) کے ذریعے پیش کردہ فوائد اور مواقع بارے آگاہی فراہم کرنا تھا۔ ویبنار کے پینلسٹس میں قائم مقام ہائی کمشنر شاہ فیصل کاکڑ، ہیڈ آف پی آر آئی سید علی رضا، سٹیٹ بینک آف پاکستان سے نوفل داؤد، چیف ڈیجیٹل آفیسر بینک آف پنجاب سلمان سعید، ہیڈ آف ہوم ریمیٹینس آر ڈی اے اور ایف ڈی اے ڈویڑن اشتیاق احمد عقیل، قونصل جنرل مونٹریال خلیل احمد باجوہ، قونصل جنرل ٹورانٹو غلام حسین، قائم مقام قونصل جنرل وینکوور التمش جنجوعہ اور ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کونسلر شامل تھے۔ پینلسٹس نے پانچ لاکھ کی افرادی قوت رکھنے والی کینیڈین پاکستانی کمیونٹی کے کردار پر روشنی ڈالی جو مختلف شعبوں جیسا کہ فنانس، ٹیکنالوجی، صحت کی دیکھ بھال اور اقتصادی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دور سے پاکستان میں ذاتی بینک اکاؤنٹس کھولنے اور چلانے کے قابل بنایا جو فنڈز کی منتقلی کو آسانی، پاکستان کی رئیل سٹیٹ اور سٹاک مارکیٹوں میں سرمایہ کاری کی حمایت اور ٹیکس فوائد فراہم کرتا ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کی ترسیلات زر کو بھی فروغ ملا ہے جو 30.2بلین ڈالر کی سطح پر پہنچ چکی ہیں ان میں سے 504.8ملین ڈالر کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں نے ارسال کئے اس وقت روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کی تعداد سات لاکھ 35ہزار اور ان کے ذریعے ترسیلات زر کا حجم1.67 بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ ویبنار نے شرکاء کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی خصوصیات بارے تفصیلی آگاہی فراہم اور کمیونٹی کے مسائل کے حل پیش کئے۔ سلمان سعید نے اس موقع پر کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے افراد کے سوالوں کے جواب دیئے۔ کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے کمیونٹی کی مادر وطن کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی پر اظہار تشکر کیا اور اس رشتے کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔