لندن (سعید نیازی) بلیک فرائیڈے کے موقع پرسستی تعطیلات تلاش کرنے والوں کو فراڈ کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ گزشتہ برس ایکشن فراڈ کو ہالی ڈے فراڈ کے حوالے سے 6ہزار 640 شکایات موصول ہوئیں اور مجموعی طور پر تعطیلات پر جانے کے خواہشمند افراد سے 1.23ملین پاؤنڈ کا فراڈ کیا گیا۔ بلیک فرائیڈے کے موقع پر لاکھوں افراد کرسمس کی خریداری کے علاوہ آئندہ برس کیلئے تعطیلات بھی بک کریں گے۔ حالیہ ڈیٹا کے مطابق اوسط برطانوی آئندہ برس تعطیلات کیلئے 2,525پاؤنڈ کی رقم خرچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن یوکے سول ایوی ایشن اتھارٹی جو کہ ایوی ایشن ریگولیٹر اے ٹی او ایل پروٹیکشن ہالیڈے کی اسکیم چلاتی ہے نے صارفین کو وجود ہی نہ رکھنے والی ہالیڈے فرمز یا چھپے اخراجات وصول کرنے والی کمپنیوں سے ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ تعطیلات بک کرنے کیلئے اے ٹی او ایل کا ٹول استعمال کریں اور یسے فرمز سے تعطیلات بک نہ کریں جو اے ٹی او ایل کی رکن نہیں ہیں۔