کیف (نیوزڈیسک) یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی ہائپر سونک میزائل حملے پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے بیلسٹک میزائل کا استعمال اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ماسکو امن نہیں چاہتا۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یوکرینی صدر زیلنسکی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا ہے کہ روسی ہائپر سونک میزائل حملے پر دنیا کو ردِعمل دینا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ روس نے یوکرینی سرزمین کو ہتھیاروں کی تجربہ گاہ سمجھ لیا ہے، روسی میزائل حملے سے جنگ میں مزید اضافہ ہو گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلان کیا ہے کہ روس نے ڈنیپرو کے وسطی شہر میں ایک پلانٹ پر ایک نئے درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل سسٹم کا استعمال کیا ہے۔ اس حملے میں ڈنیپرو میں واقع یوکرینی سرکاری ایرو اسپیس مینوفیکچرر پیوڈینماش کے پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔