مانچسٹر (ہارون مرزا) اوورسیز ڈاکٹرز کی فلاحی و سماجی تنظیم نیشنل اوورسیز ڈاکٹرز فیملی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام یادگار سالانہ تقریب ڈربی کے مقامی ہال میں منعقد ہوئی۔ میزبانی کے فرائض تنظیم کے صدر ڈاکٹر کاشف چوہان اور ٹیم ممبران نے انجام دیئے۔ برطانیہ بھر سے شعبہ صحت سے منسلک ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے فیملیز کے ہمراہ تقریب میں شریک کی۔ نیشنل اوورسیز ڈاکٹرز فیملی ایسوسی ایشن یوکے 2016سے برطانیہ میں ڈاکٹرز کی فلاح و بہبود، سماجی رابطوں، تعلیم و تدریس، نوجوان ڈاکٹرز کی رہنمائی، خیراتی کاموں اور کھیلوں سمیت بچوں کی تفریحی سرگرمیوں کیلئے نمایاں خدمات سر انجام دے رہی ہے، مختلف تنظیموں کے سرکردہ رہنما ڈاکٹر عبدالحفیظ، ڈاکٹر نوید ساجد، ڈاکٹر رئیس عرفان اور دیگر نے نیشنل اوورسیز ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہزاروں کی تعداد میں نئے آنے والے ڈاکٹرز مستفید ہو رہے ہیں۔ تنظیم کے صدر ڈاکٹر کاشف چوہان نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ینگ ڈاکٹرز کو اکٹھا کرتے ہیں۔ سینئر ڈاکٹرز سے ان کو سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ یہ تنظیم ایک برج کے طو رپر کام کرتی ہے، پاکستانی اور برٹش ڈاکٹرز کی کمیونٹی کو بھی آپس میں ملاتی ہے، پاکستان میں وسائل کی کمی کی وجہ سے ڈاکٹرز کو مختلف قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پاکستان میں صحت کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز کی تنظیم برطانیہ میں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرتی ہے جہاں سے وہ اپنے مسائل کو حل کرنے میں مدد حاصل کرتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء میوزک سے بھی لطف اندوز ہوئے۔