• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اپیل پر یورپین پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ

برسلز (حافظ انیب راشد) بانی تحریک انصاف عمران خان کی کال پر پی ٹی آئی بلجیم کے زیراہتمام یورپین پارلیمنٹ کے سامنے ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں سابق وزیراعظم عمران خان کی تصاویر، پارٹی کے جھنڈے اور پاکستان کے پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت کو غیر منتخب قرار دیتے ہوئے حکومت چھوڑنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے قائد کی گرفتاری اور پی ٹی آئی کو اس کی انتخابی جیت سے محروم کرنے کیلئے پاکستان کے طاقتور حلقوں کو اس کا ذمہ دار قرار دیا۔ اپنی تقاریر میں مقررین نے ملک میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے احتجاج کیلئے پیش کردہ تین بڑے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے یورپین یونین سے اپیل کی کہ وہ اس صورتحال کا نوٹس لے اور ملک میں عوام کی منتخب کردہ حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ مظاہرے کے دوران شرکاء مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔
یورپ سے سے مزید