اسلام آباد (فاروق اقدس) ٹرمپ کی کامیابی کے بعد ایلون مسک دنیا کی امیر ترین شخصیت بن گئے، مجموعی اثاثوں کی مالیت 348 ارب ڈالر تک جاپہنچی، صرف 20دن کے دوران 70ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ، انکی کمپنی ٹیسلا کےسٹاک مارکیٹ حصص میں اضافہ،ٹرمپ سے قریبی تعلقات کے پیش نظر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ،انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد ابھی ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں منتقل ہونے اور اوول آفس کے اختیارات باضابطہ طور پر نہیں سنبھالے لیکن انکی کابینہ کے نامزد ارکان پر تنقید اور تشویش کے حوالے سے ردعمل میں اضافہ ہوتا جارہا ہے جو بادی النظر میں واقعاتی اعتبار سے درست بھی دکھائی دیتا ہے جس کی حالیہ مثال ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت ہے جو آسمان کی بلندیوں کو چھوتی ہوئی 348 ارب ڈالر تک جاپہنچی ہے جس کی بدولت وہ دنیا کی تاریخ کے امیر ترین انسان بن گئے ہیں امریکا کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی فتح اور ٹرمپ انتظامیہ میں ایلون مسک کو حکومتی کارکردگی کے محکمے میں اہم عہدہ ملنے کے بعد ایلون مسک کی الیکٹرک ( توانائی سے چلنے والی) کاریں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور مسک کی اے آئی کمپنی ایکس اے آئی (XAI ) کے اثاثوں کی مالیت میں خاصا اضافہ ہوا ہے جس کی بدولت انکی مجموعی دولت کی مالیت بھی بڑھ چکی ہے، بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک کے اثاثوں کی مالیت محض 20 روز کے دوران 70 ارب ڈالر بڑھ چکی ہےانکے اثاثوں کی خالص مالیت 334.3 ارب ڈالر کی سطح پر پہنچ چکی ہے جس کی بدولت وہ دنیا کے امیر ترین فرد بننے میں کامیاب ہوئے ہیں، انکی کمپنی ٹیسلا کےسٹاک مارکیٹ میں حصص کی مالیت میں زبردست اضافہ ہوا، یہ پیشرفت امریکا کے انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت کے بعد دیکھنے میں آئی ہے۔