غزہ(اے ایف پی) غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نےگزشتہ روز کہا ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب ایک اسپتال کے سربراہ طبی امداد کی سہولت پرڈرون حملے میں شدید زخمی ہوگئے جبکہ فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی حملوں میں11افراد شہید ہو گئے۔ حسام ابو صفیہ دو جزوی طور پر شمالی غزہ میں کام کرنیوالے اسپتالوں میں سےایک کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ہیں، جنگ سے تباہ حال غزہ ایک سنگین انسانی بحران کی لپیٹ میں ہے۔ سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے بتایا کہ اسپتال کمپلیکس پر حملے کے بعد حسام ابو صفیہ کی کمر اور بائیں ران پر دھات کے ٹکڑوں سے زخم آئے۔محمود بسال نے کہا کہ بہت زیادہ خون ضائع ہونے کے بعداب ڈاکٹر کی حالت مستحکم ہے، ایک اسرائیلی ڈرون نے شمالی غزہ کے بیت لاہیا میں اسپتال پر بمباری کی۔اسپتال کے عملے نے اس سہولت پر متعددحملوں کی اطلاع دی ، جب کہ عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا کہ وہ کمال عدوان اسپتال میں 80 مریضوں کی حفاظت اور بہبود کے بارے میں شدید فکر مند ہیں، جن میں سے آٹھ انتہائی نگہداشت یونٹ میں ہیں۔غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے اتوار کی صبح وسطی غزہ میں البریج اور المغازی پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی فضائی حملوں اور بیت لاہیا میں توپ خانے سے فائرنگ کے بعد 11 فلسطینیوں کے شہیدکرنے کا بھی بتایا۔