• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جس قوم میں تعلیم کو کاروبار بنادیا جائے وہ کبھی ترقی نہیں کرتی، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ تعلیم ہر شہری کا بنیادی حق ہے، جس قوم میں تعلیم کو کاروبار اور خرید و فروخت کی شئے بنادیا جائے وہ ترقی نہیں کرتی،صوبہ سندھ کا تعلیم کا بجٹ 481ارب روپے ہے لیکن سندھ کے اسکولوں کی حالت ابتر ہے اور پیپلزپارٹی کا کوئی عہدیدار، وزیر اور مشیر اپنے بچوں کو سرکاری اسکولوں میں تعلیم نہیں دلوانا چاہتا پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت اٹھارہویں ترمیم کے بعد وفاق سے پیسے تو لے لیتی ہے لیکن منتخب بلدیاتی نمائندوں کو وسائل اور اختیارات منتقل نہیں کرتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک میں ضلع قائدین کے تحت الخدمت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ 4.0میں شریک ہزاروں طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان،سی ای او الخدمت نوید علی بیگ، امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی، جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حمیرا طارق بھی موجود تھیں۔ حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ملک کے اندر بڑاپوٹینشل، بے شمار قدرتی وسائل و افرادی قوت موجود ہے لیکن اقتدار پر قابض نااہل و کرپٹ حکمرانوں، طبقہ اشرافیہ،وڈیروں اور جاگیرداروں نے عوام کو تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ سمیت بنیادی ضروریات سے محروم کیا ہوا ہے،جماعت اسلامی اور الخدمت جب اپنے محدود وسائل میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورسز کرواسکتی ہے تو حکومت و ریاست یہ کام کیوں نہیں کرتی، ملک میں 2 کروڑ 62 لاکھ،5 سے 15 سال کی عمر کے بچے اسکول جانے سے قاصر ہیں۔ہم آئندہ 2 سال میں پورے ملک میں 10 لاکھ نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کروائیں گے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے اور ڈگری پروگرام بھی کروائیں گے۔ کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کے لیے تعلیم، صحت اور باعزت ٹرانسپورٹ موجود نہیں،خواتین بھی چنگچی رکشوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں اور سندھ کے حکمران بڑے بڑے دعوے کرتے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کے خطاب سے قبل اسٹیج پر موجود قائدین و ذمہ داران نے طلبہ و طالبات کے ہمراہ کھڑے ہوکر قومی ترانہ پڑھا۔ نشتر پارک میں موجود ہزاروں طلبہ و طالبات سے عہد لیا گیا کہ ہم ایک اچھے مسلمان بنیں گے، اپنے شہر اور ملک کی تعمیر و ترقی کی جدوجہد کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ تمام طلبہ و طالبات کو ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ میں شرکت کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کے ٹیسٹ میں شامل تمام طلبہ و طالبات کو پڑھائیں گے اور آگے بڑھائیں گے۔ یونیورسٹیوں میں غریبوں کا داخلہ عملا بند ہوچکا ہے۔
اہم خبریں سے مزید